چنئی، 18؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )انا ڈی ایم کے کے انتخابی وعدے کو پورا کرنے کی سمت میں ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے تمل ناڈو کی وزیر اعلی جے للتا نے آج گرجا گھروں اور وقف بورڈ کے تحت آنے والی مساجد کے احیاء نو کے لیے فنڈ کا اعلان کیا۔انہوں نے درج فہرست ذات وقبائل کے ارکان کے لیے فلاحی منصوبے کی بھی شروعات کی جن میں 1000آدی دراوڑ کسانوں کو فوری طور پر بجلی کے کنکشن دینا بھی شامل ہے۔اس کا ذکر کرتے ہوئے کہ پارٹی نے 16؍مئی کے اسمبلی انتخابات سے پہلے گرجا گھروں کے احیاء نو اور مرمت کے لیے فنڈ کا وعدہ کیا گیا تھا۔ جے للتا نے کہا کہ ایک کروڑ روپے اس کام کے واسطے الاٹ کیے جائیں گے۔ایک سرکاری بیان میں انہوں نے ایک فنڈ قائم کرکے وقف کی مساجد اور درگاہوں کی مرمت کے لیے کرائی گئی یقین دہانی کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ ریاست فی الحال مسجدوں اور درگاہوں کے احیاء نو کے واسطے 60لاکھ روپے سالانہ دیتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اپنے انتخابی وعدے کے تحت ایک فنڈ قائم کیا جائے گا۔میں نے اس فنڈ کے لیے تین کروڑ روپے جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔